قصہ پہلے انسان کا
کلیم چغتائی ’’کل سے ہمارے اسکول میں چھٹیاں ہیں۔‘‘ عامر نے اعلان کیا۔ ’’ کیوں بھئی، تمھارے اسکول میں کیا خاص بات ہے؟ ‘‘باجی نے پوچھا، جو اپنے لباس پر استری کر رہی تھیں۔ ’’ہمارے اسکول کو بڑی جماعتوں کے امتحانات کا مرکز بنایا گیا ہے، اس لیے دس دن تک چھٹیاں رہیں گی۔ ’’اچھا تو ان چھٹیوں میں کیا کرو گے؟‘‘ باجی نے لباس تہ کرتے ہوئے سوال کیا۔ ’’میں تو بہت ساری کہانیاں پڑھوں گا۔‘‘ عامر نے کہا۔ ’’ ٹھیک ہے، لیکن اچھی اور سبق آموز کہانیاں پڑھنا۔ تمھیں معلوم ہے اللہ تعالیٰ نے بھی اپنی کتاب میں قصے بیان کیے ہیں۔‘‘ باجی نے پوچھا۔ ’’ اللہ تعالیٰ نے؟ قرآن مجید میں؟‘‘ عامر نے حیرت سے کہا۔ ’’ہاں ہاں، قرآن مجید میں کئی مقامات پر واقعات بیان کیے گئے ہیں، ان میں گزری ہوئی قوموں کے قصے ہیں، انبیاء کرام علیہم السلام کے واقعات ہیں، ان لوگوں کے قصے ہیں جو ایمان پر مضبوطی سے جمے رہے اور ان کو تکالیف دی گئیں۔‘‘ ’’باجی، مجھے یہ واقعات سنائیے۔‘‘ عامر نے اشتیاق سے کہا۔ ’’ اس...